10 جنوری 2015 - 14:28
تکفیری سب سے زیادہ پیغمبر اسلام کی توہین کر رہے ہیں

لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ تكفيري گروہ اپنے وحشیانہ اقدامات سے پیغمبر اسلام، قرآن مجید اور مسلمانوں کی سب سے زیادہ توہین کر رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ تكفيري گروہ اپنے وحشیانہ اقدامات سے پیغمبر اسلام، قرآن مجید اور مسلمانوں کی سب سے زیادہ توہین کر رہے ہیں۔

انہوں نے جمعے کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور ہفتہ وحدت کی مناسبت پر ایک پروگرام سے خطاب میں کہا کہ وہ لوگ جو عوام کا سر قلم کر رہے ہیں، خود کو پیغمبر اسلام کا محافظ اور مدافع نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ تكفيريوں نے مذہب اسلام کی جتنی توہین کی ہے وہ تاریخ اسلام میں بے مثال ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ اب اسلام کے دفاع کا وقت آ گیا ہے تو ہم کو ویسے ہی عمل کرنا ہوگا جیسے حضرت امام حسین نے کربلا کے میدان میں کیا تھا کیونکہ امام حسین نے اسلام کا دفاع کیا اور یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جو تمام بزرگان اسلامی پر عائد ہوتی ہے۔
سید حسن نصراللہ نے افغانستان سے شام اور عراق کی جانب دہشت گردوں کی پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اب ان ممالک تک پہنچ گئے ہیں، جو ان کے حامی تھے اور جنہوں نے ان کے لئے زمین ہموار کی اور اس موضوع کی طرف سے پہلے ہی متنبہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کی مسلح افواج کے جوان اور مزاحمت کے جیالے جو مشکل حالات میں صیہونی حکومت اور تكفيري دہشت گردوں کے مقابلہ میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، پیغمبر اسلام کے حقیقی پیروکار اور حقیقی ہیرو ہیں۔
انہوں نے حزب اللہ اور المستقبل پارٹی کے درمیان مذاکرات کے بارے میں کہا کہ مذاکرات صحیح راستے پر ہے اور مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کی پوری امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صحیح نہیں ہے کہ ملک کا صدر غیر ملکی مفاہمت کی بنیاد پرمنتخب ہو اور ملک کے سیاسی گروہوں کو ملک کے اندر مذاکرات کرنے چاہئے اور انہیں علاقائی اور غیر ملکی مفاہمت کا انتظار نہیں کرنا چاہئے۔
سید حسن نصر اللہ نے بحرین کے اپوزیشن لیڈر شیخ علی سلمان کی گرفتاری اور اس ملک کی حالیہ تبدیلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریاں اور شیخ سلمان کی حراست کی مدت میں توسیع ، خطرناک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت، صیہونی حکومت کی طرح غیر ملکیوں کو شہریت دے کرکے ملک کی آبادی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ بحرین کے عوام اپنی ثقافت اور شیخ عیسی قاسم اور شیخ علی سلمان جیسے مذہبی رہنماؤں کی قیادت سے سرشار ہونے کی وجہ سے، تشدد آمیز تحریک نہیں چلا رہے ہیں۔

.......

/169